شاید ”ہم سب“ میں مجھے مستقل پڑھنے والے جانتے ہوں کہ تصویری خاکہ کشی میرا ایک مستقل کام یا پیشہ ہے مگر اس سے ہٹ کر مجھے مختلف طرح کے مشاغل کا شوق پیدا ہوتا رہتا ہے۔ ایک مرتبہ لکھنے کا شوق ہوا تو ”ہم سب“ میں لکھا اور بے تحاشا لکھا، پھر کچھ لکھنے میں خشک سالی کا دور آ گیا تو مجھے ٹیرو کارڈ پڑھنے کا شوق (اسے جنون پڑھیں ) پیدا ہو گیا۔ بے تحاشا کتابیں جمع کیں، کارڈز اکٹھے کیے، مخمل کے کپڑے کو گوٹا لگا کر بچھونا بنایا، کارڈز کے لئے تھیلیاں سی کر تیار کیں، استادوں سے رابطہ کیا، علم جمع کیا، رشتہ داروں پر ہاتھ صاف کیا اور پھر لوگوں کے لئے ٹیرو کارڈ پڑھنے شروع کر دیے۔
اب آپ پوچھیں گے کہ ٹیرو کارڈ ہیں کیا؟ یہ طوطا فال کی طرح کوئی مستقبل کا حال بتانے کا ٹوٹکا ہرگز نہیں۔ ہاں کچھ لوگ اسے مستقبل کی پیش گوئی کے لئے بھی استعمال کرتے ہوں گے مگر مجھے ایسا لگتا ہے کہ ٹیرو آپ کے لاشعور کے مخفی خیالات اور آپ کی اصلی زندگی کی مشکلات کو بس آپ کے سامنے میز پر پھیلا کر سامنے لے آتا ہے۔ ٹیرو کے ذریعے آپ یہ بتا سکتے ہیں کہ جس راستے پر آپ چل رہے ہیں وہ کہاں جا پہنچے گا مگر راستہ بدل لینا کسی بھی فیصلے کی طرح آپ کے اختیار میں ہے۔ ٹیرو صرف ممکنہ نتیجے، راستے کی مشکلات اور آپ کی صلاحیت کو پہچاننے میں آپ کی رہنمائی کرتا ہے۔
ٹیرو کے کارڈز بالکل تاش کے پتوں سے ملتے جلتے ہیں اور اسی طرح کی ایک گٹھی کی صورت میں ہوتے ہیں مگر ان کارڈز پر بنی ہوئی اشکال اور تصاویر عام تاش سے قدرے مختلف ہوتی ہیں۔ ٹیرو کی تاریخ بہت قدیم ہے، اس کی کڑیاں پندرہویں صدی میں اٹلی میں کھیلے جانے والے ایک کھیل سے جا ملتی ہیں، پرانے زمانے میں تو بادشاہ ٹیرو استعمال کرنے پر عام لوگوں کی گردنیں تک کٹوا دیتے تھے مگر اب ٹیرو کا رواج بہت سے ملکوں میں پھیل چکا ہے۔
ٹیرو کارڈز بہت سے علاقوں کا قدیم روحانی علم اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہیں جس میں یہودیوں کا قبالہ کا علم، مصریوں کی تصویری زبان، بہت سے اسلامی نمونے اور بہت سے مسیحی استعارے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس کا تعلق علم الاعداد اور علم نجوم سے بھی ہے مگر یہ ان سب علوم سے ہٹ کر اپنی جگہ ایک مکمل علم کی حیثیت رکھتا ہے۔
ٹیرو کارڈز کے 78 کارڈز میں 22 میجر آرکانا کے کارڈ ہیں اور 56 مائینر آرکانا کے کارڈ شامل ہیں۔ میجر آرکانا کے کارڈ ان چیزوں کو سامنے لاتے ہیں جو آپ کی زندگی پر دیرپا اثر رکھتی ہیں جبکہ مائینر آرکانا کے کارڈ وقتی اثر رکھنے والی چیزوں کو سامنے لاتے ہیں۔ اس میں تاش کے پتوں کی طرح بادشاہ ملکہ بھی ہیں اور یکہ اور دکی بھی مگر ان کی شکلیں اور مطلب فرق ہیں۔
ٹیرو کارڈز پڑھنے کے لئے ان کے معنی اور مطلب کا علم ہونے کے ساتھ ساتھ آپ کے اندر خود کی روحانیت سے کسی حد تک تعلق بھی ضروری ہے۔ کاغذ پر بنی ہوئی چند تصاویر کے ذریعے آپ کس حد تک حالات کی درست منظر کشی کر سکتے ہیں یہ ایک حیرت انگیز عمل ہے۔ یہ نہ تو ایک مکمل روحانی چیز ہے نہ دست شناسی کی طرح ایک مکمل فن، یہ ان دونوں کے کچھ بیچ کا سا عمل ہے۔
مجھے علم نہیں کہ کیا ہر کوئی ان کارڈز کو پڑھنے پر صرف محنت سے عبور حاصل کر سکتا ہے یا اس کے لئے اپنی ذات سے ایک روحانی تعلق پہلے سے موجود ہونا ضروری ہے۔ مگر اگر آپ میں یہ خداداد صلاحیت ہے تو ٹیرو لوگوں کی مدد اور آپ کی اپنی رہنمائی کے لئے ایک اچھا اوزار ہے۔ آزمائش شرط ہے۔
This article was published on humsub.com.pk ۔